سری نگر،25؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا کی تیسری لہر کے پھیلاؤ کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ضلع سری نگر میں مزید 23 علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد جو ضلع ڈیزاسٹر منیجمٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں، کی طرف سے جاری ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع سری نگر کے کئی علاقوں میں کورونا کیسز درج ہونے کے پیش نظر مروجہ گائیڈ لائنز کے مطابق مزید 23 علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ ضلع کنٹرول روم روزانہ بنیادوں پر بندش والے علاقوں کی موجود صورتحال کا جائزہ لیتا ہے اور یہ فیصلہ لیا جاتا ہے کہ کس علاقے کو کنٹینمنٹ زون قرار دینا ہے اور کس کو ڈی نوٹیفائی کرنا ہے۔ حکم نامے کے مطابق گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
موصوف ضلع مجسٹریٹ نے حکم نامے میں کہا ہے کہ ضلع سری نگر میں اب تک 630 علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے جن میں سے 362 علاقوں کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 267 علاقے ابھی بھی بندش والے علاقے ہیں جبکہ ایک علاقے کو جزوی طور پر ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کورونا کے کیسز میں روز افزوں بے تحاشہ اضافہ درج ہو رہا ہے۔ یونین ٹریٹری انتظامیہ نے اس لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے دیگر اقدام کے علاوہ ویک اینڈ لاک ڈاؤن کا نفاذ بھی عمل میں لایا ہے جو ہر جمعے کو 2 بجے سے شروع ہو کر پیر کی صبح 6 بجے اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔